-وزیر خزانہ کی امریکا روانگی سے قبل وزیراعظم سے ملاقات، دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا

۹ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات میں 6 سے 8 ارب ڈالر کے نئے پیکج کے حوالے سے گفتگو کا آغاز کریں گے

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:50

‘اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2024ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معائدے پر بات چیت کے لئے امریکہ روانہ ہو گئے ۔ روانگی سے قبل انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورہ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے ملاقات میں وزیراعظم کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کے ساتھ ملاقاتوں کے شیڈول کے حوالے سے بتایا۔

(جاری ہے)

ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات میں 6 ارب سے 8 ارب ڈالر کے نئے پیکج کے حوالے سے گفتگو کا آغاز کریں گے۔ اس حوالے سے مرکزی وزارتی ملاقاتیں 17 تا 19 اپریل کے درمیان ہوں گی، جبکہ دیگر ایونٹس کا انعقاد 15 تا 20 اپریل کے دوران ہوگا۔ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کے ممبران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہان سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سینئر عہدیداران اور چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، ترکیہ اور دیگر حلیف ممالک کے وزرا خزانہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔وہ پاکستان کی مختلف ملاقاتوں میں نمائندگی کے علاوہ امریکی آفیشلز سے بھی ملاقات کریں گے۔