مرکز میں بنی فارم 47اور الیکشن کمیشن کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، سردار اختر مینگل

ہماری تحریک آئین کی بالادستی اور حقوق کے حصول تک جاری رہے گی،بلوچستان میں ایسے لوگ کامیاب کرائے گئے جن کو محلے والے نہیں پہچانتے، پشین میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے خطاب

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:55

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) سربراہ بی این پی (مینگل) سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ مرکز میں بنی حکومت کو پاکستان کی حکومت نہیں سمجھتا، یہ حکومت فارم 47اور الیکشن کمیشن کی حکومت ہے،تحریک آئین کی بالادستی اور حقوق کے حصول تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق پشین میں اپوزیشن الائنس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ بی این پی مینگل سردار اختر مینگل نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرتے ہیں تو دفعہ 144لگا دی جاتی ہے، جن سیاسی ورکرز کو یہ قدرتی حالات روک نہیں سکے، دفعہ 144کیسے روک سکے گی بارش کے باوجود عوام اس جلسے میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ایک مرغی چور اور موٹر سائیکل چور کو پکڑ سکتے ہیں لیکن ملک کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور بلوچستان میں ایسے لوگ کامیاب کرائے گئے جن کو ان کے محلے والے نہیں پہچانتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام آج بھی بدحال، بیروز گار اور ایک وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، بغیر رشوت کے روز گار نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم لاپتا لوگوں کی بات کرتے تھے تو لوگوں کو یقین نہیں آتا تھا، اسمبلی میں لاپتا افراد کا تذکرہ کرتے تھے تو لوگ ہم پر طنز کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں بنی ہوئی حکومت کو پاکستان کی حکومت نہیں سمجھتا، یہ حکومت فارم 47اور الیکشن کمیشن کی حکومت ہے اسے تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ آج جس تحریک کا آغاز ہوا اس کا کریڈٹ پشتونخوامیپ کو جاتا ہے، ہماری تحریک آئین کی بالادستی اور حقوق کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی کارکنوں نے سخت ترین مارشل لا کا مقابلہ کیا، ظلم و بربریت کے باوجود توقع کی جاتی ہے ہم خاموش رہیں۔