شہیدِعوام ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر عوامی اجتماع کی سیکیورٹی اور ٹریفک کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 13 اپریل 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ 14 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں شہیدِعوام ذوالفقار علی بھٹو کی برسی منانے کے حوالے سے ہونے والے عوامی اجتماع کی سیکیورٹی اور ٹریفک کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہفتہ کو منعقد ہوا جس میں شرجیل میمن، ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن اور چیف میٹرولوجسٹ سرفراز خان نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ ضیا لنجار، وزیر آبپاشی جام خان شورو، کمشنر لاڑکانہ مصطفیٰ پُھل اور پیپلز پارٹی کے خیر محمد شیخ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مزار پر واک تھرو گیٹس کی تعداد 40 سے بڑھا کر 56 کر دی جائے تاکہ جلسے میں شرکت کرنے والے لوگوں کی آسانی سے رسائی ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے لوگوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کے مناسب انتظامات پر بھی زور دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ مزار کے احاطے میں پارکنگ کے لیے علیحدہ سے داخلی اور خارجی راستے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید برآں مراد علی شاہ نے ضلع لاڑکانہ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ جلسہ کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حیسکو سے رابطہ کریں۔ بیک اپ پاور کو یقینی بنانے کے لیے اسٹینڈ بائی جنریٹرز کا بندوبست کیا جائے۔

آئی جی نے وزیراعلیٰ سندھ کو سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC)، ٹاؤن انتظامیہ، واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کو طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظرا سٹارم واٹر ڈرینز اور نکاسی آب کے نظام کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ پانی کے موثر نکاس کو یقینی بنایاجاسکے۔

مراد علی شاہ نے کے ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سائن بورڈز کے ساتھ ساتھ دیگر کمزورا سٹیل/لکڑی کے ڈھانچے/بورڈز کو ہٹا دیں تاکہ متوقع بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران نقصان سے بچا جاسکے۔وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری کو صوبے کے تمام بلدیاتی اور سول اداروں کو بھی اسی طرح کی ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں انہوں نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع مٹیاری نیو سعید آباد کے گاؤں رمضان انڑ میں دیوار گرنے کے واقعے میں چار بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مٹیاری کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ وہ غمزدہ خاندان سے ملاقات کریں، ان کے بچوں کی تدفین میں ان کی مدد کریں، منہدم دیوار کو دوبارہ تعمیر کرائیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

مذید برآں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بونیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے دو فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی جہاں دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کو قتل کیاگیا۔