کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

بارشوں کے پیش نظر کسانوں کی مدد کے لیے زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ قائم،محکمہ زراعت کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کراچی میں بجلی سپلائی کا نظام مستحکم ہے، ٹیمیں مدد کے لیے موجود ہیں، بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں،کے الیکٹرک

اتوار 14 اپریل 2024 13:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈ، بفرزون، فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گلستان جوہر، ملیر، کیماڑی، شاہراہ فیصل، ماڑی پور، صدر، میٹروول، گلبائی، لیاری، شاہ فیصل کالونی، شارع فیصل، قائد آباد، کورنگی، کلفٹن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، شیر شاہ میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا ،اس کے علاوہ لیاقت آباد، عائشہ منزل، کریم آباد، ناظم آباد،گلشن جمال، یونیورسٹی روڈ، ملیر، گلستان جوہر، اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہاجبکہ کلفٹن میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرگئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبہ میں بارشوں کے پیش نظر کسانوں کی مدد کے لیے زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ بھی قائم کردیا۔محکمہ زراعت کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔سیکرٹری زراعت کے مطابق زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ کاشتکاروں اور کسانوں کو بارشوں کے دوران مدد اور آگاہی فراہم کرے گا۔محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ کاشتکاروں کے ساتھ گھر گھر جاکر کسانوں کو حفاظتی انتظامات سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔

سیکرٹری زراعت نے ہدایت جاری کی ہے کہ محکمہ زراعت کے تمام ڈویڑنل اور ضلعی افسران اپنے دفاتر میں موجود رہیں اور کسانوں کی مدد کریں۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ کراچی میں بجلی سپلائی کا نظام مستحکم ہے، ٹیمیں مدد کے لیے موجود ہیں، بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے ترسیلی تنصیبات سے فاصلہ قائم رکھیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب عارضی طور پر بجلی بند کی جاسکتی ہے۔