چیف سیکرٹری سندھ کا بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

اتوار 14 اپریل 2024 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کراچی الیکٹرک، واسا اور کنٹونمنٹس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ڈی واٹرٹینکر پمپ لگائے جائیں، تمام اضلاع میں بروقت انتظامات مکمل کریں ۔دوسری جانب بارشوں کے پیش نظر ڈائریکٹر ڈیمولیشن عبدالسجاد خان کی سربراہی میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیاہے۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی کے مطابق رین ایمرجنسی سینٹرمیں ٹیکنیکل عملہ تین شفٹوں میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دے گاجبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالرشید سولنگی نے کہا کہ شہر کے 515مخدوش حالت اور خطرناک عمارتوں کے مکینوں کو فلیٹس خالے کرنے کے لئے بھی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ واٹر کارپوریشن نے شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر سکشن مشینیں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر مشینری ہائی الرٹ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ، چیف سیکرٹری سندھ اور میئر کراچی کی خصوصی ہدایت پر واٹر کارپوریشن انتظامیہ نے برسات سے قبل ہی شہر بھر بلخصوص میٹرو پول ہوٹل، وزیر اعلی ہائوس، گورنر ہائوس، مسلم جم خانہ، میری ویدھر ٹاور، بلاول چورنگی، جناح ایئرپورٹ، آرٹس کونسل چورنگی، پی سی ہوٹل، 26اسٹریٹ جناح ہسپتال، نرسری، گورا قبرستان بلوچ کالونی، ایف ٹی سی فلائی اوور، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ قائدین، وزیر مینشن اور ایم اے جناح روڈ کے مختلف مقامات پر سکشن مشینیں پہنچا دی گئیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو انجینئر ورکشاپ ڈویژن اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر تمام گاڑیوں کی نگرانی کریں گے جبکہ برسات کے پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک واٹر کارپوریشن کی تمام گاڑیاں اور عملہ سڑکوں پر موجود رہے گا۔