تحریک انصاف نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے نتائج اسلام آباد ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیئے

8 فروری کو انتخابات کے نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی کی گئی، مسلم لیگ (ن) کے کامیاب قرار دیے گئے ممبر قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے.این اے46,47اور48کے امیدواروں کی استدعا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 اپریل 2024 13:39

تحریک انصاف نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے نتائج اسلام آباد ہائی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اپریل۔2024 ) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیا ہے. نجی ٹی وی کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر مغل نے انتخابی نتائج کو ٹربیونل میں چیلنج کیا جبکہ این اے 47 اسلام آباد سے شعیب شاہین نے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا ہے ان کے علاوہ این اے 48 سے پی ٹی آئی کے علی بخاری نے انتخابی نتائج کو ٹربیونل میں چیلنج کیا ہے.

(جاری ہے)

امیدواروں نے موقف اپنایا ہے کہ 8 فروری کو انتخابات کے نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی کی گئی، امیدواروں نے استدعا کی کہ مسلم لیگ (ن) کے کامیاب قرار دیے گئے ممبر قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے واضح رہے کہ 13 اپریل کو بلوچستان کے ضلع پشین میں اپوزیشن اتحاد نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہونے والے جلسے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلان کر دیا تھا.

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قرارداد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات عبدالرحیم زیارت وال نے کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ اپوزیشن اتحادکاجلسہ عوام کی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد ہے، ہم عوام کی حقوق کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے. اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے خلاف 6 جماعتی اتحاد قائم کیا گیا ہے، محمود خان اچکزئی کو تحفظ آئین پاکستان تحریک کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے عمر ایوب نے کہا کہ راتوں رات انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا، اگر نتائج صحیح ہوتے تو مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی، اگر آئین کی بالادستی ہوتی تو قیدی نمبر 804 آج جیل میں نہ ہوتے.