ملک کے میدانی علاقوں میں موسم خشک ، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش متوقع، محکمہ موسمیات

پیر 15 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) ملک کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے ، رات کے اوقات میں جنوب مغربی بلوچستان میں مزید بارش جبکہ چند مقامات پر تیز ہوائوں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش /ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیا دہ بارش سیدو شریف میں 125، دیر (لوئر 115، اپر 101)، مالم جبہ 105، چترال 81، میر کھانی، دروش 78، کالام 76، پٹن 67، پشاور (سٹی 63، ایئرپورٹ 55)، باچا خان ایئرپورٹ 59، کاکول 56، بالاکوٹ 37، تخت بائی 34، بنوں 29، چراٹ 19، ڈیرہ اسماعیل خان (ایئرپورٹ 14، سٹی 13)، پاراچنار 10، راولاکوٹ 71، گڑھی دوپٹہ 45، مظفر آباد (ایئرپورٹ 37، سٹی 30)، کوٹلی18، مری 58، سرگودھا 25، اسلام آباد (سٹی 22، سید پور 21، گولڑہ 9، بوکرا 7، ایئرپورٹ 4)، راولپنڈی (کچہری 18، شمس آباد 15، چکلالہ 10)، گوجرانوالہ 18، سیالکوٹ (سٹی 17، ایئرپورٹ 3)، شیخوپورہ 12، منڈی بہائوالدین 11، اٹک، حافظ آباد 10، منگلا 8، لاہور ایئرپورٹ، جہلم 6، چکوال 5، جوہر آباد 2، کوئٹہ 33، سبی 28، دالبندین، ژوب 19، قلات 16، سمنگلی 11، بارکھان 7، لسبیلہ 5، نوکنڈی 2، استور 14، سکردو 11، بگروٹ 5، گوپس 4، بونجی، چلاس اور شہید بینظیر آباد میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

پیر کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق بہاولنگر، دادو اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔