صدر تنظیم تاجران پاکستان کی آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی ،نائب صدر سردار مشتاق کے اغواء کی مذمت

عدم بازیابی کی صورت میںملک بھر تندور بند ،احتجاج کرنے کا فیصلہ… وزیر اعظم ، وزیر اعلی تاجر نمائندوںکے اغوا کا فوری نوٹس لیں ،اغوا کرنے والوںکو قرار واقعی سزا دی جائے ،کاشف چوہدری

پیر 15 اپریل 2024 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) مرکزی صدر تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے گنجان آباد شہر راولپنڈی سے عوامی تاجر نمائندوں کے جبری اغوا پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر نمائندوں کا جبری اغوا ریاست کیلئے سوالیہ نشان ہے،راولپنڈی سے اغوا ہونے والے تاجروںکے حوالے سی18 گھنٹے گزرنے کے باوجو کچھ معلومات نہ ملنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے باعث شرمندگی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرآل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن اور اسلام آباد نان بائی ایسوسی ایشن عہدیداران دیگر بھی موجود تھے۔محمدکاشف چوہدرینے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لئے بغیر نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا جس پر آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی اورسینئر نائب صدر سردار مشتاق نے ہزاروں نان بائیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اس فیصلے کو مسترد کیا جس کے کچھ گھنٹے بعد انہیں جبری اغوا کر لیا گیا جو نہ صرف ریاست کیلئے سوالیہ نشان ہے بلکہ ریاستی اداروں کی کارکردگی کو بھی منہ چڑا رہی ہے حقوق کی بات کرنے پر جبری اغوا ہونے پر لوگ اداروں کے کردار پر انگلیاں بھی اٹھا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات کے مسائل طاقت و جبر کے ہتھکنڈوں کی بجائے مذاکرات ،بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں اور شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار کرنے والے غیر قانونی اقدامات کو بند کروایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ مہنگائی کا خاتمہ چاہتا ہے مگر حکومت بجلی، گیس ،پٹرول اور آٹا کی قیمت کم کرے،حکومت نمائشی اقدامات سے مہنگائی کم کرنے کی بجائے مہنگائی کم کرنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ چھاپے گرفتاریاں اور جبر سے مہنگائی کم نہیں بلکہ حکومت کے خلاف نفرت پیدا ہو گی ۔انہوںنے کہا کہ نان اور روٹی کی قیمتیں کم بھی ہوتی ہے اور زیادہ بھی لیکن متعلقہ لوگوں کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے کرنا کسی صورت درست نہیں اگر ملک بھر میں نان بائی اپنے تندور بند کر دیں تو کہاں سے سستی روٹی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں مہنگائی کم ہو اور روٹی کی قیمت میں بھی کمی ہو لیکن اس لئے حکومت کو ٹھوس عملی اقدامات اٹھانے چاہئے اور متعلقہ سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لیکر اور مشاورت سے آگے بڑھنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم 18گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے رہے ہیں اگر اس دوران تاجر نمائندوں کو بازیاب نہ کرایا گیا توپہلے مرحلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج ہوگا اوراس کے بعدپورے ملک سمیت پنجاب میں تاجر احتجاج بھی کریں گے اور ملک بھر تندور شٹرڈائون کیے جائیں گے ،ہم نے ہر تاجر کے تحفظ کا عہد کر رکھا ہے اور اپنے تاجروں کو لاوارث اور اکیلا ہر گزنہیں چھوڑ سکتے اور اس طرح کے جبری اغوا کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔