دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے 3بچے لاپتہ، 12زخمی

منگل 16 اپریل 2024 15:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر کے علاقے بٹوارہ کے قریب دریائے جہلم میں مقامی افراد اور اسکول بچوں کو لے جانے والی ایک کشتی آج علی الصبح الٹ گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار تین بچے لاپتہ اور12زخمی ہوگئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشتی گنربل سے بٹوارہ جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنے طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور کئی افراد اور بچوں کو پانی سے باہر نکالا ، تاہم کم از کم تین بچے لاپتہ اور12سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں کے علاوہ انتظامیہ نے بھی لاپتہ بچوں کو نکالنے کے لیے ریسکیوآپریشن شروع کر دیا جبکہ ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیم کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔وادی کشمیر میں اس وقت شدیدبارشیں ہورہی ہیں جس کے نتیجے میں دریائے جہلم خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے۔گزشتہ دو روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث دریائے جہلم سمیت متعدد آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔