گریڈ 19 اور گریڈ 20 کے آفیسران کیخلاف انکوائری سے قبل حکومت سے اجازت حاصل کرنے کی شرط ختم

منگل 16 اپریل 2024 15:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) ترجمان آزادجموں وکشمیر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ رولز 1997 میں ترمیم کرتے ہوئے تمام ملازمین کے خلاف اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت انکوائری ہاء کے اختیارات ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کودے دیئے گئے۔آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے گریڈ 1 تا گریڈ 20 تک کے تمام ملازمین اور آفیسران کے خلاف اینٹی کرپشن ایکٹ 1993 کے تحت انکوائری کرنے کے اختیارات ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ کو تفویض کر دیئے گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ گریڈ 19 اور گریڈ 20 کے آفیسران کے خلاف انکوائری سے قبل حکومت سے اجازت حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب شکایات موصول ہونے پر ابتدائی انکوائری کا طریقہ کار آسان بنانے اور انکوائریوں کے جلد از جلد تکمیل کیلئے قواعد میں ترمیم کی گئی ہے۔

البتہ قواعد میں ترمیم کے ذریعے لازم قرار دیا گیا ہے کہ انکوائری کا آغاز کرتے وقت اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ شکایت سے متعلق حکومت کو آگاہ کرے تا کہ حکومت اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت سینئر آفیسران کے خلاف عمل میں لائی جانے والی انکوائریوں سے مطلع رہے۔ متذکرہ قواعد میں ترمیم کے ذریعے تمام محکمہ جات اور حکام کو پابند کیا گیا ہے کہ محکمہ اینٹی کر پشن حکام کی طرف سے کسی بھی انکوائری یا مقدمہ سے متعلق طلب کی جانے والی معلومات یا ریکارڈ کی فراہمی کو یقینی بنائے اور معلومات یا ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں ذمہ دار ملازم یا آفیسر کے خلاف ضابطہ تعزیرات آزاد کشمیر کی دفعہ 182 اور دفعہ 202 کے تحت فوجداری کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔

آئیندہ انکوائریاں ایک ماہ میں مکمل کرنے کی شرط بھی قواعد میں شامل کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمات کے اندراج کیلئے مجاز حکام سے منظوری بدستور حاصل کی جائے گی۔ رولز میں ترمیم سے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے کام میں بہتری پیدا ہو گی اور کرپٹ عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔