رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول بم گرانا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، ایازمیمن

منگل 16 اپریل 2024 17:32

رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول بم گرانا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، ایازمیمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) آل کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے پٹرول کی قیمت میں 4روپے 53پیسے اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 8روپے 14پیسے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہر پندرہ دن کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیتی ہے رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول اور مہنگائی کے بم گرانا وفاقی حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے وفاقی حکومت پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لے، ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، ایازمیمن موتی والا نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے پہلے ہی لوگ خودکشیاں کررہے ہیں لوٹ مارہورہی ہے غریب آدمی کے لیئے نظام زندگی چلانا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے متوسط اور مڈل کلاس طبقہ بھی اب غریبوں کی لائن میں شمار ہونے لگا ہے جبکہ ایک مخصوص طبقہ مسلسل مالدار ہوتا جارہا ہے ملکی وسائل پر چند لوگ قابض ہیں جو عوام کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے جیسے ہی پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ ہوتا ہے مہنگائی کا ایک طوفان جنم لے لیتا ہے، حکومت صرف پٹرول بڑھاتی ہے جس کا بہانہ بنا کر ناجائز منافع خور مافیا اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریہ کے نرخ اپنی مرضی سے بڑھا دیتی ہے جس کا سارا بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے ایک جانب مہنگا پٹرول خریدتے ہیں اور دوسری جانب پٹرول کے نرخوں میں اضافے کیوجہ سے دیگر اشیاء بھی مہنگی خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں ،انہو ںنے کہا کہ جب سے ن لیگ کی حکومت آئی ہے تب سے گیس، بجلی ، پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہی جارہی ہے ، ملکی معیشت فی الحال ٹھیک ہوتی نظر نہیں آرہی وزیراعظم میاں شہبازشریف کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کے لیئے اقدامات کریں اور ایسی پالیسیاں بنائیں جس سے قومی خزانے پر بوجھ نہ پڑے اور عوام کو بھی جہاں تک ممکن ہو ریلیف مل سکے ۔