Live Updates

اس وقت ملک میں کسی جماعت کی نہیں ایک خاندان کی حکومت ہے ‘احمد خان بھچر

جس طرح مہنگائی بڑھ رہی اکتوبر میں آٹے کا بحران پیدا ہوگا ،پھر گندم سمگل کرکے چند خاندان فائدہ لیں گے آئی جی کو ایوارڈ ملا کہ پی ٹی آئی کے گھروں کوتوڑا ،ایک جماعت کو ختم کرنے کے لئے کس حد تک جائیں گے‘اپوزیشن لیڈر

منگل 16 اپریل 2024 17:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں کسی جماعت کی نہیں بلکہ ایک خاندان کی حکومت ہے ، صوبہ پنجاب کو ٹک ٹاک پر چلایا جا رہا ہے ،وزیر اعلیٰ اپنا ٹک ٹاک بنا لیتی ہیں خود بھی دیکھتی ہیں پھر سارا دن ان کی جماعت کے لوگ فالو کرتے رہتے ہیں،آئی جی کو ایوارڈ ملا کہ پی ٹی آئی کے گھروں کوتوڑا ،ایک جماعت کو ختم کرنے کے لئے کس حد تک جائیں گے۔

انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور گندم کی خریداری شروع ہورہی ہے ،گندم خریداری کے نام پر کسانوں کو لوٹنے جا رہے ہیں ، غلط پالیسیوں سے چالیس سال میں گروتھ ریٹ 21پر آ گیا ہے۔ اس وقت سولہ لاکھ میٹرک ٹن کم خریداری کا ہدف کر دیا ہے ،ریٹ 28-34سو روپے من مارکیٹ میں چل رہا ہے ،ساٹھ روپے کے بجائے تیس روپے کیرج ریٹ حکومت نے مقرر کر دیا، حکومت نے فلور ملز کو پابند کردیا کہ آپ گندم خریدیں ،بینکوں سے قرضے لے کر 60فلور ملز کو گندم کی خریداری کا کہہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری پر جو حکومت کرنی جا رہی ہے ذخیرہ اندوز گندم خرید لیں گے پھر کمیشن مقرر ہو گا تو گندم سمگل ہوگی ،نومبر میں باہر سے منگوائیں گے، دسمبر میں گندم و آٹے کا بحران شروع ہوجائے گا جو مارچ اپریل تک چلے گا اس سے چند لوگ خوش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نان بائیوں پر مقدمات درج کرکے انہیں ذلیل کیاجارہا ہے انہیں سہولیات دیں یا مذاکرات تو کریں، پنجاب پولیس کا کام ہی یہی ہے ان کو مثبت کام کرنا ہوتو بیس کلومیٹر یا کسی کا گھر توڑنا یا مقدمہ درج کرنا ہوتو ایک سو بیس کلومیٹر سے پولیس کام کرتی ہے۔

احمد خان بھچر نے کہا کہ اس وقت ملک میں کسی جماعت کی نہیں بلکہ ایک خاندان کی حکومت ہے ۔ ٹک ٹاکر وزیر اعلی پنجاب صوبہ کو ٹک ٹاک پر چلا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پجاب کو کچھ نہیں پتہ وہ جو کچھ بیوروکریسی کہہ رہی وہ کررہی ہیں ۔وہ اپنا ٹک ٹاک بنا لیتی ہیں خود بھی دیکھتی ہیں پھر سارا دن ان کی جماعت کے لوگ فالو کرتے رہتے ہیں ،حکومت ٹک ٹاک فالورز کی وجہ سے چل رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے رہنما احمر رشید بھٹی کے ساتھ جو کچھ پولیس نے کیا ،دھونس و دھاندلی سے پی ٹی آئی دبنے والی نہیں ہے،لوگ حکومت کے ساتھ نہیں ،پیٹرول چار روپے اور آٹھ روپے ڈیزل کی قیمت بڑھا دی ہے ،جب حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں تو وہ چور دروازوں سے خود کا تحفظ کرتا ہے کہاں ہیں تین سو یونٹ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی کو ایوارڈ ملا کہ پی ٹی آئی کے گھروں کوتوڑا ،ایک جماعت کو ختم کرنے کیلئے کس حد تک جائیں گے۔

ہم کسی ادارے کو ڈی ویلیو نہیں کرنا چاہتے مگر بہاولنگر واقعہ کی کمیٹی نہیں بلکہ شفاف تحقیقات کروائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو عوام سے متنبہ کروائوں گا جن پر ظلم کیا اب وہ باہر آنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مہنگائی بڑھ رہی آٹے کا اکتوبر میں بحران پیدا ہوگا ،پھر گندم سمگل کرکے چند خاندان فائدہ لیں گے اور عوام رل جائے گی۔جعلی مینڈیٹ والی حکومت ہے ،بغض عمران خان میں ملک کو کہاں پہنچا رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات