شہر کراچی پر ڈاکوؤں کی یلغار پولیس ناکام نظر آتی ہے ،ڈاکٹر شجاع صغیرخان

منگل 16 اپریل 2024 20:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) ممتاز سماجی اسکالر،دانشور ،و سربراہ فورسز لورز فورم اور تحریک ابن آدم ڈاکٹر شجاع صغیر خان ،ناہید خان راجہ عارف ،ظہیر احمد انصاری اور صالح محمد خانیو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کراچی کی عوام جنازے اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں اس وقت شہر کراچی میں ڈاکو راج ہے اور دہشت گردوں کے ہاتھوں 60افراد شہید ہوچکے ہیں ۔

شہریوں کا غم و غصہ بام عروج پر ہے اور ہر طرف خوف و ہراس کی فضا ہے ،عوام ATMاور بینک جانے سے خوفزدہ ہیں شہر کراچی نہیں بلکہ جنگل بن چکا ہے ،سندھ حکومت اور آئی جی صاحب فرماتے ہیں کہ حالات نارمل ہیں عوام چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھنے سے گریز کریں ۔گذشتہ روز ڈیفنس سوسائٹی کمرشل ایریا کے قریب ہوٹل پر بیٹھے تمام افراد کو لوٹ لیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ،دوسری جانب حکومت نے عوام پر دوسری مرتبہ پٹرول بم گرا دیا ،پہلے بجلی ،گیس اور پھر پٹرول بم گرا دیا ۔

(جاری ہے)

ناکام حکومت کی سیاست بری ہے اور وہ مہنگائی کا پورا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے ،ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں اگر مجرموں کو سزا ہو تو جرائم ختم ہوسکتے ہیں عدالتوں کے باہر مجرموں کو پروٹوکول دیا جاتا ہے ،پولیس مجرموں کو پکڑ لیتے ہے مگر رشوت لیکر ایف آئی آر ان کی مرضی سے درج کی جاتی ہے جس کی وجہ سے مجرم آسانی سے آزاد ہوجاتے ہیں ،کچے کے ڈاکوؤں پر پولیس کا کوئی زور نہیں لہٰذا فوری طور پر کراچی شہر اور سندھ کو فوج کے حوالے کردیا جائے تاکہ امن کے قیام میں مدد مل سکے۔