سندھ میں کچے کے علاقے میں صورتحال پہلے سے بہترہے، منشیات کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، پنک بسزکی تعداد بڑھائی جارہی ہے، شر جیل انعام میمن کی پریس کانفرنس

منگل 16 اپریل 2024 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے دوران جوصورتحال پیدا ہوئی اس کو بہتر کیاجارہاہے، سندھ میں کچے کے علاقے میں صورتحال پہلے سے بہترہے۔ آرکائیوز کمپلیکس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی ٹارگیٹیڈ آپریشن جاری ہے، امن امان کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ اور آئی جی سندھ کچے کے علاقے میں موجود ہیں، گذشتہ پندرہ روز میں 13مغویوں کو بازیاب کروایا گیا ہے،جن میں گھوٹکی میں دو، کشمور میں 8اور شکارپور میں 3 شامل ہیں جبکہ 6 افراد کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کرنے کی کوشش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے کچے کے علاقے میں آپریشن جاری ہے اور صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ا من امان کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری آئی ہے، اسٹریٹ کرائم کوکنٹرول کرنے کی کوشش جاری ہے، اپریل کے ابتدائی پندرہ دنوں میں کراچی پولیس کے ساتھ مقابلوں میں 11اسٹریٹ کرمنلز مارے گئے جبکہ 60زخمی ہوئے ، مجموعی طور پر 104اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا گیا، گاڑیوں کی چوری میں ملوث 85ملزمان کی گرفتار عمل میں آئی ، مختلف ملزمان سے 246پسٹل، ایک رائفل، 2شارٹ گن، 2 دستی بم برآمد کئے گئے، اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف پچھلے ایک ہفتے میں پولیس کی کارروائیوں میں 6 اسٹریٹ کریمنل مارے گئے، 33 زخمی ہوئے جبکہ مجموعی طور پر59اسٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کیا گیا، کراچی ویسٹ پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث راجا گینگ کے 7ملزمان کو گرفتار کیا ، اسی طرح کراچی سینٹرل پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے 8وارداتوں میں ملوث 3اسٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کر لیا ہے ، کیماڑی پولیس نے مقابلے کے بعد 6 اسٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کر لیا جو اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں غیر قانونی مقیم لوگ بہت بڑا مسئلہ اور دیرینہ چیلنج ہیں، متعدد وارداتوں میں غیر قانونی تارکین وطن ملوث پائے گئے ہیں، بڑی سنجیدگی کے ساتھ ہم اس صورتحال کوبہترکرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیرداخلہ اور آئی جی سندھ ذاتی طورپرمعاملات کودیکھ رہے ہیں۔ سندھ حکومت امن امان کے معاملے میں بہت سنجیدہ رہی ہے اور وزیراعلی سندھ نے پہلااجلاس بھی امن وامان پرمنعقد کیاتھا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ پورے پاکستان میں ہے، دیگر منشیات کی طرح کرسٹل اور آئس بھی انتہائی خطرناک ہیں، یہ سوچنے کی صلاحیت ختم کردیتی ہے، کرسٹل استعمال کرنے والے کے ہاتھ میں اسلحہ ہوگا وہ یہ نہیں دیکھے گا کہ سامنے کون ہے، والدین تک کوکرسٹل والے نشانہ بناچکے ہیں، نارکوٹکس کی لعنت سے صوبے کوپاک کریں گے اور اس معاملے میں ہماری پالیسی زیروٹالرنس پر مبنی ہے، سندھ پولیس بھی ایکسائز پولیس کے ساتھ بھرپور تعائون کر رہی ہے،والدین سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنے بچوں پر بھی نظر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دوران حیدرآباد میں دوگینگزکے ساتھ مقابلے میں دوگینگسٹرمارے گئے، ایکسائز پولیس نے گذشتہ ماہ سے اب تک 49کارروائیاں کی، جن میں 47منشیات فروشوں، کچی شراب بنانے اور فروخت کرنے والوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں ابھی تک 42 کلو گرام چرس پولیس اور 128 کلوگرام چرس ایکسائز پولیس نے برآمد کی ہے۔

سب سے زیادہ چرس روہڑی سکھر میں 60 کلو گرام، کورنگی میں 26 کلوگرام، جیکب آباد میں پانچ کلوگرام اور کراچی ویسٹ میں چار کلو گرام پکڑی گئی جبکہ ملزمان سے ایک کلو آئس ، 10 ہزار 306لٹر کچی شراب پکڑی گئی، ایکسائز پولیس نے لاہور سے کراچی کوکین کی اسمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنا ئی اور ایک نائیجیرین شہری اونیکا کو گرفتار کر لیا ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف میڈیا حکومت کے ساتھ تعاون کرے، کرائم رپورٹرزجرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کریں گے تو کارروائی ہوگی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فریال تالپورصاحبہ کی ہدایت پرپنک بسزکی تعداد بڑھائی جارہی ہے، 19اپریل سے مزید بسز پنک بس سروس میں شامل کی جائیں گی اور پنک بس کے نئے روٹ شروع کئے جائیں گے۔ میرپورخاص میں بھی پیپلزبس سروس شروع کرنے جارہے ہیں جبکہ اورنج لائن اور گرین لائن کو لنک کر رہے ہیں، یہ سروس فری میں ہوگی، فری شٹل سروس کا فیصلہ سخت تھا لیکن پارٹی قیادت کی ہدایات پرعوام کی سہولت کے لئے یہ سب کرنے جا رہے ہیں۔