کل جماعتی حریت کانفرنس کا دریائے جہلم میں کشتی ڈوبنے کے واقعے پر اظہار رنج و غم

منگل 16 اپریل 2024 22:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سرینگر میں دریائے جہلم میں سکول کے بچوں کی ایک کشتی ڈوبنے سے 6اافراد کے لقمہ اجل بننے پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشتی الٹنے کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔

انہوں نے اس دل دہلا دینے والے واقعے کے متاثرہ خاندانوں سے بھرپوریکجہتی اورتعزیت کا اظہار کیا۔میر واعظ نے بھارتی قابض انتظامیہ کی بے حسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 15سال سے زیر تعمیرفٹ برج مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سکول کے طلباء اور عام لوگوں کو دریا کو پار کرنے کیلئے کشتی پر سفر کرنا پڑتا ہے اور آج یہ المناک حادثہ پیش آیا جو انتہائی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی ایک بیان میں اس المناک واقعے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے سانحے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی بلندی درجات اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سرینگر میں کشمیری طلباء کی کشتی کو دریائے جہلم میں پیش آنے والے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس حادثے سے مودی حکومت کے مقبوضہ علاقے میں ترقی کے دعوئوںکی قلعی کھل گئی ہے کیونکہ طویل عرصے سے زیر تعمیر پل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو روزانہ سکول جانے کیلئے دریائے کشتی کے ذریعے عبور کرنا پڑتا تھا۔ محمود ساغر نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء شیخ عبدالماجد نے بھی ایک بیان میں دریائے جہلم میں سکول کے طالبعلموں کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ سانحہ بھارتی قابض انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے ۔واضح رہے کہ منگل کوسرینگر کے علاقے بٹوارہ میں دریائے جہلم میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 6افراد جاں بحق اور 3 لاپتہ ہو گئے ہیں۔