سری نگر کشتی سانحہ: عوام کا قابض بھارتی انتظامیہ کی بے حسی پر شدید ردعمل کا اظہار

بدھ 17 اپریل 2024 17:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے سری نگر میں دریائے جہلم پر پل کی تعمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی بے حسی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ منگل کی صبح سری نگر کے مضافات نوگام گنڈ بل میں دریائے جہلم میں ایک کشتی الٹنے سے چار بچوں سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ تین افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اہلیان علاقہ نے واقعہ پر اپنے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جہلم پر پل کی تعمیر کی منظوری 2011میں دی گئی تھی جسکی تعمیر تاحال مکمل نہیں کی گئی جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ خاص طور پرطلباءکشی کے ذریعے دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پل کی تعمیر مکمل کی گئی ہوتی تو قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہوتا۔ایک خاتون نے کہا ”ہم نے حکام کی بے حسی کی وجہ سے اپنے بچے کھو دیے ہیں،ہمارے پیارے بیٹے اب ہمیں کون واپس کرے گا۔“ علاقے کے ایک رہائشی شبیر احمد نے کہاکہ پل کی تعمیر برسوں سے التوا کا شکار ہے اورمقامی لوگ دریاعبور کرنے کے لیے کشتیوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔