ض*حکومت آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہی: شزہ فاطمہ خواجہ

جمعرات 18 اپریل 2024 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، ایکسپو سنٹر لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی نمائش کا انعقاد کیا گیاجس میں 600 سے زائد کمپنیاں اور100 سے غیر ملکی وفود شریک ہیں،ہمارا مقصد آئی ٹی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرنا ہے،سعودی عرب سمیت ڈی سی او کے دیگر 16 ممالک ہمارے ساتھ ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کر سیکرٹری جنرل ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن دیما الیحیی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ریجنل ٹیکنالوجی کا ریجنل حب بننے جارہا ہے،پاکستان خطے میں آئی لیڈر بننے کے لئے تیار ہے،پاکستان میں نوجوانوں کی شکل میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام آرہا ہے اس لئے آئی ٹی سمیت مختلف شعبے ترقی کررہے ہیں،وزیراعظم محمد شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کے بعد سعودی وفد کا عید کے اگلے روز پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی حالات سازگار ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور میں نوجوانوں کو نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت 60 ارب روپے کے قرضے دئیے گئے،ہنرمند نوجوانوں کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ انٹرپینیور بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک امریکہ اور بھارت سمیت کئی ممالک میں نہیں چل رہا،پاکستان میں سائبر سکیورٹی خطرات اور ڈیٹا پروٹیکشن کے حوالے سے قانون سازی کی ضرورت ہے،مس اور ڈس انفارمیشن دنیا بھر کا بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے بھی قانون سازی کرنے جارہے ہیں،سوشل میڈیا کے حوالے سے مختلف قوانین اور پالیسیوں پر کام ہورہا ہے۔

سیکرٹری جنرل ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن دیما الیحیی نے کہا کہ پاکستان اور لاہور میرا گھر ہے، پہلے بھی کئی مرتبہ آچکی ہوں،پاکستان ہمارے ڈی سی او کا بانی رکن ہے،یہاں آنے کا مقصد پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے سے استفادہ اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو سپورٹ کریں گے۔قبل ازیں ایکسپوسنٹر لاہور میں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ جامع اور پائیدار بنیادوں پر ترقی حکومت کی ترجیح ہے،پاکستان میں ہر سال دس ہزار آئی ٹی گریجویٹس پیدا کررہے ہیں،ملک کو آئی ٹی حب بنائیں گے، سمارٹ اپس ،ایکو سسٹم پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کے لئے مواقع بڑھیں۔

وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کو آئی ٹی حب بنائیں گے، آئی ٹی سب شعبوں کی ترقی کا باعث بن رہی ہے، حکومت ایکو سسٹم،پالیسی سازی اور ساز گار ماحول کی فراہمی سمیت ہر طرح سے آپ کی مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ بزنسز کو سپورٹ کیا جائے،بزنس میں ہر قسم کی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، ملک میں ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، نالج بیس اکنامی کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں، نجی شعبے کو ہرقسم کی سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ اپس ،ایکو سسٹم پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کے لئے مواقع بڑھیں، حکومت آئی ٹی کے شعبے کے لئے بھر پور اقدامات کررہی ہے،اس حوالے سے بجٹ میں وافر فنڈز رکھے گئے ہیں\