آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ الاوطیبی کی ملاقات

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 11:33

آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ الاوطیبی نے ملاقات،ملاقات میںآرمی چیف نے رائل سعودی لینڈ فورسز کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے پاک فوج کی مسلسل حمایت کی تصدیق کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مہمان معزز نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی پاکستان-سعودی عرب دفاعی تعاون کے 5ویں اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان کے چیف آف جنرل اسٹاف کے ساتھ اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے کہا کہ معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں، قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام کیلئے فوج کی خدمات کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقوں نے دفاعی تعاون کیلئے اپنی کوششوں کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس تناظر میں فورم کی جانب سے مخصوص ٹائم لائن کے اندر ٹھوس مقاصد کو پورا کرنے کیلئے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے عالمی اور علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور دفاعی افواج پر ان کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا، فورم نے مشاہدہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اہم صلاحیتوں میں دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت کو بڑھادیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل انجینئر طلال عبداللہ العتیبی اہم دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ ہوائی اڈے پر میجر جنرل انجینئر طلال عبداللہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔میجر جنرل طلال کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی امور پر بات چیت ہوگی۔ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔