خیبرپختونخواہ اسمبلی مخصوص نشستوں پر حلف معاملہ،وزیراعلیٰ اور کابینہ کو اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کا حکم

مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 15:38

پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 گ) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا، مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا ہے جس میں عدالت نے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپیکر کے پی اسمبلی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیں، مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان کو حلف سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت 14 دن کے اندر کے پی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے، خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل ان نو منتخب ممبران سے حلف لیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف سے مشروط کرنے کے الیکشن کمیشن کے حکم کے خلاف گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا تھا۔

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیا تھا۔30 مارچ کو خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کے حلف سے مشروط کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینیٹر اعظم سواتی نے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیاتھا۔قبل ازیں 28 مارچ کو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے مقدمے میں نومنتخب ارکان کی درخواستیں منظور کرلی تھی۔الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہاتھا کہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دئیے جائیں گے۔