بھارت کشمیریوں کو شدید انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

ہفتہ 20 اپریل 2024 13:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائی ، گھروں پر چھاپوں اور بے گناہ لوگوں کی پکڑ دھکڑ میں تیزی پر شدید تشویش کااظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدلرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران نوجوانوںکو بڑے پیمانے پر گرفتار کے انکے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو چلینج کرنے پر کشمیریوں کو شدید انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کا جانبدار میڈیا مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے کا دعوی کر رہے ہیں تاہم بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں جاری جبر واستبداد کی کارروائیاں اس دعوے کی مکمل طور نفی کر رہی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی جابرانہ کارروائیوں نے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت اور گھٹن کا ایک ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ لوگ بات کرنے سے کتراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ علاقے کے حالات کے حوالے سے دنیا کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر ہی ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے واضح کیا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک مسئلہ ہے جسے حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیںہوسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ، شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ، ہمیں اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کی ہرقیمت پر حفاظت کرنی ہے ، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بناتے ہوئے تحریک آزادی کے خلاف مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ ترجمان نے علماءاور آئمہ کرام پر زور دیا کہ بھارتی جبر وستم اور اس کے غیر قانونی تسلط سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں کریں۔