غزہ کے عوام کی نسل کشی ہو رہی ہے‘اقوام متحدہ اورعالمی اداروں نے اپنی نااہلی ثابت کردی ہے.ایرانی صدر

سلامتی کونسل غزہ کے معاملے پر ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہی ‘فلسطینیوں کی حمایت پر پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں. صدر ابراہیم رئیسی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 اپریل 2024 16:33

غزہ کے عوام کی نسل کشی ہو رہی ہے‘اقوام متحدہ اورعالمی اداروں نے اپنی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اپریل۔2024 ) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ غزہ کے عوام کی نسل کشی ہو رہی ہے، سلامتی کونسل غزہ کے معاملے پر ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہی آج دنیا کے مختلف ممالک میں لوگ تکلیف میں ہیں اور عالمی ادارے بشمول اقوامِ متحدہ جو انسانی حقوق کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ نااہل ہیں.

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران غزہ جنگ کے حوالے سے تفصیل سے بات کی.

(جاری ہے)

صدر رئیسی نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے غزہ کے عوام کی حمایت پر پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں غزہ کے عوام کی نسل کشی ہو رہی ہے، سلامتی کونسل غزہ کے معاملے پر ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہی یقین ہے مظلوم فلسطینیوں کو ایک دن ان کا حق اور انصاف مل جائے گا.

صدرابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آج پاکستانی، ایرانی اور دیگر باشعور قومیں اس حملے کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہیں انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ آج کی ملاقات میں ہم نے تجارتی، سیاسی اور ثقافتی، ہر سطح پر دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے. انہوں نے کہا کہ ہمارے دہشت گردی اور منشیات کے خلاف جنگ سمیت بہت سے امور پر موقف مشترک ہیں جو دونوں ممالک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان علاقائی، دوطرفہ اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کی رسائی انسانی حقوق کے تعاون پر مبنی ہے.

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی حجم قابل قبول نہیں ہے ہم نے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ایرانی عوام نے غیر قانونی پابندیوں کو موقع میں بدل دیا اور اس موقع سے انہوں نے ملک میں ترقی کی راہ ہموار کی ہے. قبل ازیں تقریب میں پاکستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے معاہدے کی دونوں فریقین نے توثیق کی دونوں ملکوں کے درمیان سول معاملات میں عدالتی معاونت کا معاہدہ بھی طے پاگیا ہے.

اس کے علاوہ پاکستان اور ایران کے درمیان ویٹرنری اور جانوروں کی صحت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ بھی طے ہوگیا، خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے متعلق مشترکہ تعاون کے سمجھوتے پر بھی دستخط کیے گئے. وزارت سمندر پار پاکستان، انسانی وسائل کی ترقی، ایرانی کوآپریٹو، وزارت سوشل ویلفیئر کے درمیان ایم اویوپر دستخط کیے گئے، فلم کے تبادلے کے لیے وزارت اطلاعات اور ایران کی وزارت ثقافت کے درمیان ایم او یو پر دستخط کردیے اس کے علاوہ پاکستان اسٹینڈرڈ کنٹرول اتھارٹی،ایران کی نیشنل اسٹینڈرڈآرگنائزیشن کے درمیان مفاہمتی یاداشت اور باہمی قانونی تعاون کے لیے وزارت قانون و انصاف، ایران کی وزارت قانون میں مفاہمتی یاداشت پردستخط کیے گئے.