پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں،خطے کی ترقی کے سفر کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا۔وزیراعلی سندھ

منگل 23 اپریل 2024 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور خطے کی ترقی کے سفر کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا۔وزیراعلی ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی آمد پر وزیراعلیٰ ہائوس میں شاندار اور پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میرے لئے باعثِ فخر و افتخار ہے کہ آج میں برادر ملک کے صدر، پاکستان کے ایک دیرینہ دوست، ہمدرد اور محسن کا استقبال کر رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو سندھ کے عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں ، آپ اور آپ کے ہمراہ وفد کا سندھ کے دارالحکومت شہر کراچی میں خیر مقدم کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں اور وقت کے ساتھ گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کا صدقِ دل و جاں سے ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہان، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ دوست تصور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاک ایران دوستی کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی نظر میں خطے میں ترقی تب ہی ممکن ہے جب تمام ممالک مل کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بحیثیت وزیر خارجہ پاکستان اپنے ایران کے دورہ میں مل کر کام کرنے اور ہر سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران آج تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں جہاں بھائی چارے، مل کے آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کی اعانت کرنا ضروری ہے، ہمیں مختلف مسائل درپیش ہیں جس میں دہشتگردی ، غیر قانونی تجارت، موسمی تبدیلی اور اسکے منفی اثرات، فلسطین اور کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم سرِفہرست ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان کی نظر میں فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا پر امن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو متحد ہو کر اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دینا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سخت اور اصولی موقف ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے اور فلسطینی عوام کو حق دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کشمیری مظلوم عوام کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم ایرانی قیادت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم دونوں ممالک کی عوام کے درمیان روابط کو بڑھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سندھ ایران کے ساتھ تعلیمی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی روابط کو انتہائی مقدم رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ایک سازگار ماحول پیدا کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ کے توسط سے ایران میں موجود اپنے بھائیوں اور بہنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں ، سندھ میں سرمایہ کاری کے نادر مواقع موجود ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لئے محفوظ اور پرکشش مقام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پر امید ہوں کہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کی ترقی کے سفر کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا۔

قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، صوبائی وزراء، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سید سردار شاہ، سعید غنی، جام خان شورو اور دیگر نے شاندار استقبال کیا۔