علمین القران کی 496مشتہر شدہ اسامیوں پر انٹرویو /سلیکشن پراسس مکمل ہونے کے بعد تعیناتیا ں عمل میں لائی جا چکی ہیں

بدھ 24 اپریل 2024 14:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سے معلمین القران کی 496مشتہر شدہ اسامیوں پر انٹرویو /سلیکشن پراسس مکمل ہونے کے بعد تعیناتیا ں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔نظامت اعلیٰ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مردانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آزاد کشمیر میں سرکاری مکتب سکولز کے ساتھ جز وقتی طور پر ناظرہ پڑھانے کے لئے 1865آئمہ مساجد میں سے 403آئمہ مساجد کو سال 2011میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے سکیل 01دینے کے بعد بقیہ 1462اسامیاں خذف کر دی گئیں۔

بعد ازاں آئمہ مساجد کی اسامی کے کیڈر کو تبدیل کرتے ہوئے معلمین القران کا نام دیا گیا،ازاں بعد محکمہ مالیات کی جانب سے 496اسامیاں نارمل میزانیہ میں محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو فراہم کی گیئں۔

(جاری ہے)

جملہ اسامیوں کو پر کئے جانے کی نسبت مورخہ 27-01-2023کو نظامت اعلیٰ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے بذریعہ اخبارات و دیگر ذرائع مشتہرگی عمل میں لائی گئی،ما بعد معاملہ عدالت العالیہ اور عدالت العظمیٰ میں زیر کار رہا۔

عدالت العظمیٰ کے فیصلہ مصدرہ 07-12-2023کی تعمیل میں جنوری 2024میں تمام 496 اسامیوں پر ریاست بھر میں ضلعی سطح کی سلیکشن کمیٹی نے انٹرویو پراسس مکمل کیا۔ضلعی تعلیمی آفیسران نے کمیٹی ممبران کے ہمراہ انٹرویوز کا انعقاد کیا اور اسناد کی جانچ پڑتال مکمل کی۔ 496اسامیوں کے خلاف ریاست بھر سے ہزاروں امیدواران واک ان انٹرویو میں شامل ہوئے جن میں سے اسناد کی جا نچ پڑتال کے بعدتعلیمی معیار پر پورا اترنے اور انٹرویو میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے موزوں امیدواران کی تحت میرٹ تقرریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔

اب سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپگینڈہ کرنے والے عناصر وزیراعظم آزا د حکومت ریاست جموں و کشمیر اور وزیر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی میرٹ کی بالادستی اور تعلیم دوست پالیسیوں سے خائف ہیں اور میرٹ کا بول بالا ہونے پر اپنی دال نہ گلنے کی وجہ سے محکمہ کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف عمل ہیں۔ایسے امیدواران جن کی تعلیمی قابلیت تقابل میں مطلوبہ معیار کو نہ پہنچی اور جو انٹرویو میں بھی خود کو کامیاب امیدواران کی نسبت اہل نہ گردان سکے،ان کی جانب سے محکمہ کی ساکھ متاثر کرنے کی غرض بے بنیاد واویلا مچایا جا رہا ہے۔

محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن وزیر اعظم آزاد ریاست،وزیر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری کے ویژن کی روشنی میں کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر میرٹ کی بالادستی اور معیار تعلیم بلند کرنے میں سرگرداں ہے اور محکمہ کے اندر کسی بھی حق تلفی یا میرٹ پامالی کا تصور محال ہے۔ایسے امیدواران جنہیں سلیکشن پراسس پر کسی قسم کے شکوک و شبہات ہوں، وہ محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے شکایت سیل سے رجوع کر سکتے ہیں۔بلاجواز اور جھوٹا واویلا معلم القران کے شایان شان عمل نہیں۔