تحریک آزادی کشمیر کے لئے چوہدری غلام عباس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،محترمہ امتیاز نسیم

بدھ 24 اپریل 2024 15:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے چوہدری غلام عباس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری غلام عباس ایک عظیم رہنما تھے، تحریک آزادی کشمیر کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آزادی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کانوٹس لیتے ہوئے جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کی نئی تعمیر شدہ عمارت احاطہ مزار رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس فیض آباد میں پودا لگانے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود اور انچارج سوشل الیکٹرانک میڈیا سردار نجیب الغفور خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس مقصد کے لیے ہماری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، جوانوں نے اپنی جانیں دے کر شہادت حاصل کی وہ مقصد ضرور پورا ہو کر رہے گا۔ امتیاز نسیم نے کہاکہ ہندوستان کو کشمیریوں کا عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق، حق خودارادیت دینا پڑے گا۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیرآزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔