ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعرات 25 اپریل 2024 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران درمیانی سے تیزموسلادھار بارش کے باعث بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں خصوصاً(نوشکی، چاغی،خاران، تربت، کیچ، گوادر، آواران ،زیارت، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان اور نصیر آباد) کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

27 سے 29 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال،مانسہرہ ، کوہستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، اس دوران (27 سے29 اپریل) تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات،کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

آندھی/جھکڑ / ژالہ باری/گرج چمک اور تیز بار ش کے باعث انسانی جانوں ، کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔

(کل) جمعہ کے روز بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، پنجاب ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض مقا مات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔

تاہم شمال مغربی بلوچستان اور پاراچنار میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں نوکنڈی 2،کوئٹہ ایک ،خیبرپختونخوا میں پاراچنار میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو ، خیرپور، موہنجو داڑو اور جیکب آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔