ضلع پلوامہ میں ہندوتوا غنڈوں کی مسجد میں توڑپھوڑ، قرآن پاک اور مزار کی بے حرمتی کی کوشش کی

جمعہ 26 اپریل 2024 13:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہندوتوا جماعتوں آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں نے ایک مسجد کو نقصان پہنچایا جبکہ قرآن پاک اور ایک مزار کی بے حرمتی کی بھی کوشش کی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آر ایس ایس ،بی جے پی ارکان نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ضلع پلوامہ کے علاقے ڈاڈسر ترال میں مسجد کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا اور مسجد میں موجود قرآن پاک اور مسجد کے قریب واقع ایک مزار کی بے حرمتی کی کوشش کی۔

یا د رہے کہ ہندو توا غنڈوں کو مقبوضہ علاقے میں سنگھ پریوار کے اسلام مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے بھارتی فورسز کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ڈاڈسر ترال جماعت اسلامی کا گڑھ ہے جہاں درجنوں نوجوانوں نے بھارتی غلامی سے آزاد ی کی جدوجہد میں جام شہادت نوش کیا۔