افواج پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،چوہدری محمد الیاس

جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے،رہنماپیپلزپارٹی

اتوار 28 اپریل 2024 16:05

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد الیاس نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ،ہم کل بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پر تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اقتدار کی ہوس میں ریاست کو نقصان پہنچانے والے ملک دشمن کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہے ہیں، مردان میں فخر پاکستان ایم ایم عالم کے جہاز کو جلانے والے قوم سے مخلص نہیں ہو سکتے،جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے،عوام اپنی افواج ملک کے سلامتی کے اداروں پاکستان کے استحکام اور امن کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی افواج کیخلاف نفرت پھیلانا زہر قاتل ہوگا، پاک فوج ہمارے دفاع کی سب سے مضبوط لکیر ہے اور اس لکیر کو پار کرنے کی اجازت کسی کونہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے یہ یاد رکھیں کہ آپ کے اختلافات کا فائدہ ملک دشمن عناصر استعمال کر رہے ہیں، آپس کے اختلاف اپنی جگہ لیکن پاکستان کے دفاع میں قربانیاں دینے والی پاک فوج کی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے متعلق غیر مہذب گفتگو کرنے والے جان لیں کہ آپ اس وقت ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر گامزن ہیں یہ نا صرف آپ کے لئے بلکہ پاکستان کی سالمیت کے لئے بھی مہلک ترین ہے۔انہوں نے کہاکہ اختلاف کا حل ہم آپس میں نکال سکتے ہیں لیکن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم معاشرے میں موجود ہر اس شخص کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے جو افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرے گا۔ پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔