امت مسلمہ کی کامیابی کا راستہ مسجد اقصیٰ کی آزادی سے ہی وابستہ ہے، راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

فلسطین کو آزاد کرانے کی عظیم ذمہ داری پوری امت مسلمہ پر عائد ہوتی ہے، فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم کرنے میں اسرائیل نے کوئی کسر نہیں چھوڑی،صدرسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر

اتوار 28 اپریل 2024 16:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی کامیابی کا راستہ مسجد اقصیٰ کی آزادی سے ہی وابستہ ہے، فلسطین کو آزاد کرانے کی عظیم ذمہ داری صرف اہل فلسطین ہی کی نہیں ہے بلکہ پوری امت مسلمہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم کرنے میں اسرائیل نے کوئی کسر نہیں چھوڑی،آئے روز مختلف طریقوں سے موجودہ نسل کو دین اسلام کے طریقے سے پھیرنے کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور اس کا دارالحکومت بیت المقدس ہے۔ اسرائیل کا قیام عالمی استعماری طاقتوں کی ایک سازش کا شاخسانہ ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل کو قائم کرکے مسلمانوں کے سینوں، دلوں اور کمر میں خنجر گھونپا گیا ہے جس کی پشت پر برطانیہ، امریکہ اور رشیا ہیں۔ لیکن اُس وقت سے لے کر آج تک پوری امت اور اہلِ فلسطین اس کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف اہلِ فلسطین کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔ ہم اس کی یقینی دہانی کرواتے ہیں کہ پاکستانی اور کشمیری عوام فلسطین کے ساتھ ہیں، اور ان کی محبت ہمارے دلوں میں رچی ہوئی ہے۔ شروع ہی سے ہم فلسطین کی آزادی کے لیے کوشاں ہیں اور اب بھی ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کو یقین دہانی کرواتے ہیں کہ ہم فلسطین کو آزاد کرائیں گے اور ان شاء اللہ ایک ساتھ مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔