کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ دنیا بھر میں پاکستان اور کشمیر کی پہچان ہے،سردار امتیاز احمد عباسی

یہ ادارہ یتیم بے سہارا بچوں کی ابتدائی تعلیم سے لیکر اعلیٰ تعلیم کے حصول میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے،خطاب

اتوار 28 اپریل 2024 16:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ دنیا بھر میں پاکستان اور کشمیر کی پہچان ہے ،یہ ادارہ یتیم بے سہارا بچوں کی نہ صرف پرورش اور کفالت کررہا ہے بلکہ ان بچوں کی ابتدائی تعلیم سے لیکر اعلیٰ تعلیم کے حصول میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے، کورٹ کے قیام سے لیکر اب تک کی جملہ رفاعی اور فلاحی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں،کورٹ سکول آف ایکسیلنس کی سالانہ تقریب میں بچوں کی پرفارمینس پر ادارہ کی پرنسپل،اساتذہ اور مینجمنٹ مبارک باد کی مستحق ہیں، چیئرمین چوہدری محمد اختر کی قیادت میں کورٹ نے مختصر عرصہ میں اپنی بہترین پرفارمینس کا مظاہرہ کرکے دنیا بھر میں اپنی حیثیت منوائی ہے جو ہمارے لئے قابل فخر ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام سکول و کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و ایوارڈسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت کورٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر نے کی جبکہ تقریب میں سابق وزیر حکومت چوہدری محمد سعید،جج کسٹوڈین چوہدری خالد یوسف، سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد حنیف، سابق چیئرپرسن تعلیمی بورڈ پروفیسر انجم افشاں نقوی،سابق وائس پریزیڈنٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عاشق حسین ایڈووکیٹ،برطانیہ میں مقیم کشمیری راہنما چوہدری محمد سیلم،ڈپٹی ڈی او نسواں صباء اویس،کونسلر محترمہ شاہ بانو ظفر،ٹیچر آرگنائزیشن کے مرکزی راہنما چوہدری محمد اسماعیل،سابق کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈنعیم شاہدچوہدری،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک کے سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پرسابق وزیر حکومت چوہدری محمد سعید، چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،چیئرمین ضلع کونسل مظفراباد سردار امتیاز احمد عباسی، ڈویژنل ڈائریکٹر سکولزمنزہ کوکب،ڈی ای او نسواں محترمہ فرخ اویس، پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز کے صدر وجاہت علی بیگ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں طلباء وطالبات میں انعامات و شیلڈز تقسم کیں۔سردار امتیاز احمد عباسی کا کہنا تھا کہ کورٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر نے ساری زندگی انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کر رکھی ہے وہ پاکستان کے عبد الستار ایدھی جیسے رفاعہ عامہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

8 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلہ میں ان کی متاثرین زلزلہ اور اس زلزلہ میں یتیم بے سہارا بچوں کی کفالت کا جو کام کیا ہے اس پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔