وزیراعظم محمد شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقدہ خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت،ولی عہد کے ساتھ تبادلہ خیال اور خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد

اتوار 28 اپریل 2024 23:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اتوار کی شام ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے جاری خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقد کیے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔تقریب کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ کے ساتھ تبادلہء خیال کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔

رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سربراہی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وفد نےپاکستانی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں، تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت، اور درازی عمر کے لیے اپنی دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔\932