نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے سیاست میں بھی کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

بڑی تعداد میں نوجوانوں کا اسمبلیوں میں جانا خوش آئند ہے،خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار کا پاکستان ہاس میں ایم کیو ایم یوتھ فورم کے اجلاس سے خطاب

پیر 29 اپریل 2024 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، انہیں ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے سیاست میں بھی کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور آگے بڑھ کے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہوگی، قوم کی امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں، ایم کیو ایم ناصرف نوجوانوں کا پلیٹ فارم ہے بلکہ ہم نے ترجیحی بنیادوں پر کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اسمبلیوں میں پہنچیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاس میں ایم کیو ایم یوتھ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی ایڈہاک کمیٹی کے اراکین سید مصطفی کمال، نسرین جلیل سمیت اراکینِ اسمبلی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ کے نوجوان حالیہ انتخابات میں کامیاب ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، بڑی تعداد میں نوجوانوں کا اسمبلیوں میں جانا خوش آئند ہے، انہوں نے یوتھ فورم کی نچلی سطح تک تنظیم سازی پر زور دیا۔ اس موقع پر یوتھ فورم کے مرکزی زمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی نیز یوتھ فورم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کے لیے عنقریب جاب فیئر کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔