وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ،مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق

منگل 30 اپریل 2024 00:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان آل سعود سے پیر کو یہاں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ہونے والی اپنی ملاقات میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد پاکستان بھیجنے اور سر مایہ کاری کے حوالے سے مزید وفود کو پاکستان بھیجنے کے حوالے سےولی عہد کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران شاندار میزبانی اور سعودی وزراء کی جانب سے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پروگرام مرتب دینے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا ۔