ووٹ دیں یا1947 جیسی صورتحال کے لئے تیار رہیں:راجوری ، پونچھ میں بی جے پی کی مسلمانوں کو دھمکیاں

بدھ 1 مئی 2024 16:56

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے رہنما راجوری اور پونچھ میں مسلمانوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ یا تو سنگھ پریوار کے حمایت یافتہ امیدوار کو ووٹ دیں یا1947 جیسی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 1947میں جموں خطے میں ہندو جنونیوں نے ڈوگرہ فورسز کے ساتھ ملکر لاکھوں مسلمانوں کو بے رحمی سے قتل کیاتھا۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اسلام آباد-راجوری انتخابی حلقے کے ریٹرننگ آفیسرکے پاس ایک تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے رہنما راجوری پونچھ خطے میں مسلمانوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ بی جے پی کی حمایت یافتہ الطاف بخاری کی پارٹی کو ووٹ دیں یا سنگین نتائج کے لئے تیار رہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الطاف بخاری مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی کے ہندوتوا ایجنڈے کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں۔

پی ڈی پی لیڈر فردوس ٹاک نے کہا کہ ہماری پارٹی نے راجوری اور پونچھ میں بی جے پی لیڈروں کی طرف سے مجرمانہ دھمکیوں کے خلاف آر او کے پاس تحریری شکایت درج کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شکایت کے ساتھ ثبوت کے طورپرایک ویڈیو بھی پیش کی جس میں پونچھ میں ایک بی جے پی لیڈر ستیش بھارگو مسلمانوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ مخصوص پارٹی کو ووٹ دیں یا1947جیسی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔ فردوس ٹاک نے مطالبہ کیا کہ دھمکیاں دینے کے واقعات کی مکمل تحقیقات کی جائے۔