مسجد اقصیٰ کے امام فرزند میمون اسد تمیمی کی قیادت میںفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اقصیٰ ریلی کا انعقاد

فلسطین کا مسئلہ صرف زمین کا نہیں یہ دراصل بیت المقدس کا مسئلہ ہے،فلسطین کا مسئلہ مسجد اقصی سے وابستہ ہے‘ خطاب

بدھ 1 مئی 2024 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور میں اقصیٰ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت مسجد اقصیٰ کے امام فرزند میمون اسد تمیمی ،جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا محمد شریف چنگوانی اورصدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کی۔ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مرکز انس بن مالک پاکستان منٹ سٹاپ جی ٹی روڈ سے شالامار باغ تک اقصی ریلی انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینی جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قبلہ اول مسجد اقصی کے امام فرزند امام میمون اسعد تمیمی نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین اور غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ جا ری ہے، فلسطین کا مسئلہ صرف زمین کا نہیں یہ دراصل بیت المقدس کا مسئلہ ہے،فلسطین کا مسئلہ مسجد اقصی سے وابستہ ہے،جب سے اس مقدس سرزمین پر یہودیوں کا تسلط قائم ہوا اس وقت سے عالم اسلام پر اس کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا فرض ہے۔

فلسطین کے مسئلے کو علمائے کرام زندہ رکھ سکتے ہیں،غزہ میں 35 ہزار لوگوں کی شہادتیں ہوئیں لیکن کسی ایک نے بھی مایوسی کا اظہار نہیں کیا۔حماس نے منصوبہ بندی کے ذریعے اسرائیلی فوج کو ناکام کیا، ہم یہ عزم کریں کہ ہم اپنی سطح پر فلسطینیوں کے لیے عملی کردار ادا کریں،ہم نے ہر صورت اسرائیل کے مقابلے میں حماس کا ساتھ دینا ہے۔انہوں کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمان تعداد میں زیادہ ہونے کی باوجود ذلت کی زندگی گزار رہے ہیں،مسلمانوں کو ایک ہونا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پاکستانی قوم کا مقروض رہوں گا جنہوں نے فلسطینی عوام سے والہانہ عقیدت اور محبت کا ثبوت دیتے ہوئے ہر فورم پر صدائے احتجاج کو بلند کیا ۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدرعلامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا مسلم امہ کے حکمران متحد ہوکر اسرائیلی بربریت کے خلاف عملی کردار ادا کریں۔اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک امر ہے ،جمعیت اہل حدیث پاکستان اور پاکستان کی عوام فلسطین کی کاز پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

عالمی برادری کے حکمران فلسطین کاز پر آل اسلامی ممالک کانفرنس کا انعقاد کریں۔ملت اسلامیہ سمیت پاکستانی حکمران اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ اسرائیل، امریکہ، بھارت دہشت گرد ممالک ہیں جو خطے میں امن و امان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔