Live Updates

پاکستان نے پہلے مرحلے میں بھارت کی متعدد ویب سائٹس کو ملک میں بلاک کر دیا ہے، سینیٹر فیصل واوڈا کا انکشاف

یہ جواب اصل ہے سود ابھی باقی ہے،بھارت کے ہر اقدام کا جواب سود سمیت دیا جائے گا، ابھی یہ شروعات ہیں بھارت نے جو پاکستان کے ساتھ کیا ہم نے بھی وہی کچھ ان کے ساتھ کر دیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 اپریل 2025 15:50

پاکستان نے پہلے مرحلے میں بھارت کی متعدد ویب سائٹس کو ملک میں بلاک کر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل 2025)سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلے مرحلے میں بھارت کی متعدد ویب سائٹس کو ملک میں بلاک کر دیا ہے، بھارت کے ہر اقدام کا جواب سود سمیت دیا جائے گا،ابھی یہ شروعات ہیں بھارت نے جو پاکستان کے ساتھ کیا ہم نے بھی وہی کچھ ان کے ساتھ کر دیا ہے،اپنے ایک بیان میں سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ یہ جواب اصل ہے سود ابھی باقی ہے ۔

بھارت کی متعدد ویب سائٹس بند کرکے ہم نے پاکستان مخالف اقدامات کا جواب دیا ہے۔پاکستان کی مسلح افواج الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ ردعمل کیلئے مکمل تیار ہیں۔ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پہلا وار ہم کریں گے اور دشمن کی بنیادیں ہلا دیں گے۔اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاکستان ایسا جواب دے گا کہ وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔

(جاری ہے)

اس وقت پوری قوم متحد ہو کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے بھارتی سابق جنرل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خود بھارتی جرنیل مان رہے ہیں کہ پاکستان آرمی بہت تگڑی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کہیں بھی دہشت گردی ہو، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔پاکستان نے بھارت کو تجارتی اور فضائی حدود بند کر کے بھرپور نقصان پہنچایا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل حقائق سے پردہ اٹھانے پر مودی سرکار نے پاکستانی تجزیہ کاروں اور صحافیوں کو بھارتی چینلز پر مدعو کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے آر ٹی ای نیوز کاکہنا تھا کہ احمد حسن عربی کا جرات مندانہ بیان بھارت سے ہضم نہیں ہو سکا تھاجس سے بھارتی میڈیا سے جڑے تلخ حقائق سے پردہ اٹھ گیا تھا۔ قبل ازیں بھی بھارتی حکومت نے سچ چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے یوٹیوب پر کئی پاکستانی چینلز پر پابندی لگا دی تھی۔بھارت کی جانب سے 16پاکستانی یو ٹیوب چینلز پر پابندی لگا ئی گئی تھی۔

بھارتی حکومت بوکھلاہٹ میں الٹے سیدھے اقدامات کرنے لگی تھی۔ پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی حکومت حواس باختہ ہوگئی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ بھارتی وزارت داخلہ نے ان چینلز پرپابندی لگانے کی ہدایات کی تھیں۔ بھارتی حکومت سچ دکھانے پربوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی تھی ۔تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ مودی سرکاری اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی تھی۔

پاکستانی میڈیا نے بھارت کے جھوٹ سے پردہ اٹھایا اور دنیا کو سچ دکھایا تومودی حکومت گھبرا گئی تھی۔ بھارتی وزارت داخلہ کی سفارش پرپاکستان کے سولہ ٹی وی چینلز کی یوٹیوب نشریات پر بھارت میں پابندی لگادی گئی تھی۔ مبصرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستانی میڈیا پر پابندی عائد کرنا دراصل اپنی ناکامیوں اور اندرونی تضادات کو چھپانے کی ایک کوشش تھی۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات