میر واعظ کا تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

بھارتی حکومت نے یکطرفہ تبدیلیاں کر کے معاملات الجھا دیے ہیں،رہنماکل جماعتی حریف کانفرنس

ہفتہ 4 مئی 2024 16:08

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی تلاش کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ایک میڈیا انٹرویو میں افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیرکا تنازعہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک حل نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں اورخواہشات کا احترام کیا جانا چاہیے ۔میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ1993میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قیام کا مقصد ہی کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا تھا اور حریت اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ بے اختیار ہو گئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نے یکطرفہ تبدیلیاں کر کے معاملات الجھا دیے ہیں۔میر واعظ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر تین چار مرتبہ جنگیں لڑیں ، کئی دوطرفہ معاہدے کیے تاہم ایک حتمی تصفیہ اب بھی ہم سے دور ہے۔