سینیٹر ایمل ولی خان متفقہ طور پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر منتخب

اتوار 5 مئی 2024 13:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2024ء) سابق صدر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا سینیٹر ایمل ولی خان متفقہ طور پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر منتخب کرلئے گئے۔ اے این پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی کونسل کا اجلاس اتوار کو باچا خان مرکز پشاور میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی الیکشن کمیشن میاں افتخار حسین نے کی جس میں سینیٹر ایمل ولی خان، سابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی، حاجی غلام احمد بلور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ مرکزی الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین اور ملک بھر سے کونسل اراکین نے اجلاس میں شریک تھے ۔

اجلاس عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی کابینہ کے قیام کےلیے منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی نے مرکزی صدارت کیلئے سینیٹر ایمل ولی خان کا نام تجویز کیا۔ مرکزی کونسل کے تمام اراکین نے سینیٹر ایمل ولی خان کے نام کی منظوری دے دی اور وہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر منتخب کرلئے گئے۔