9 مئی کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، سید یوسف رضا گیلانی

جمعہ 10 مئی 2024 00:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جمعرات کو ملتان میں مختلف وفود سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین سینیٹ نے سانحہ نو مئی کے واقعات کی سختی سے مذمت کر تے ہوئے کہا کہ یہ دن ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا جب ایک سیاسی جماعت کے قائدین اور کارکنوں نے اہم فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی تھی۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیکر ملک میں جمہوری اقدار کی باقاعدہ بنیاد رکھی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں کے نظرئیے پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انکی جماعت نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کو جدید بناکر ملک کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی مالی معاونت کے سب سے بڑے پروگرام بینظیر انکم سپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے انکا کہنا تھا اسکے اجراء پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلا متفقہ وزیراعظم اور بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا بھی انکے لئے اعزاز کی بات ہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوامی خدمت کیلئے دن رات محنت کریں۔