چیئرمین سینیٹ سے ملتان سرکٹ ہائوس میں سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور وفود کی ملاقاتیں

نوجوانوں ،خواتین پر مکمل بھروسہ ،صلاحیتیں بروئے کار لاکر آگے بڑھنا ،ترقی کی منازل طے کرنی ہیں،یوسف رضا گیلانی جنوبی پنجاب اور سرائیکی وسیب کی جو خدمت کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،جب بھی موقع ملا خطے کے عوام کی ترقی کیلئے سب سے آگے ہوں گے، گفتگو

جمعہ 10 مئی 2024 21:45

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور خواتین پر مکمل بھروسہ ہے صلاحیتیں بروئے کار لاکر ہی آگے بڑھنا ،ترقی کی منازل طے کرنی ہیں،جنوبی پنجاب اور سرائیکی وسیب کی جو خدمت کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،جب بھی موقع ملا خطے کے عوام کی ترقی کیلئے سب سے آگے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جمعہ کوملتان سرکٹ ہائوس میں ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورخطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

دریں اثنا مختلف سیاسی و سماجی وفود نے بھی چیئرمین سینٹ سے ملاقاتیں کیں۔ان وفود میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان اللہ دتہ کاشف،نیاز خان درانی،ملک محسن کھادل،ذوالفقار وینس،آصف عطا وینس و دیگر کی قیادت میں وفود شامل تھے ۔

(جاری ہے)

وفود نے چیئرمین سینٹ کا عہدہ سنبھالنے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں اور خواتین پر مکمل بھروسہ ہے ، نوجوانوں کی صلاحیتو ں کو بروئے کار لاکر ہی ہم نے آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب اور سرائیکی وسیب کی جو خدمت کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ہمیں جب بھی موقع ملا خطے کے عوام کی ترقی کیلئے سب سے آگے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ ہمارے اپنے لوگ ہیں اور ان کا میعارزندگی بلند کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کو بتایا کہ وسیب کیلئے ترقیاتی کام ہوں یا قومی بجٹ میں اضافہ،مو ٹرویزہوں یا پلوں کی تعمیر،یہ سب ہمارے دورحکومت میں ممکن ہوا،کیونکہ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا ہم اپنے وسیب کی خدمت کیلئے کام کریں گے۔