صدر ریاست آگے بڑھیں اور ریاست کو انارکی سے بچائیں، خواجہ فاروق احمد

عوامی ایکشن کمیٹی آپ پر اعتماد کرے گی ، وزیراعظم انوارالحق اپنا اعتماد اعتبار کھو بیٹھے ہیں ان پر اب کوئی اعتماد نہیں کرے گا،اپوزیشن لیڈر

اتوار 12 مئی 2024 13:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے آزادکشمیر میں باالعموم اور دارالحکوت میں متوقع ریلیوں کی آمد کے پیش نظر حکومت خصوصاً وزیراعظم آزادکشمیر کی حالات کو نہ سمجھنے کی وجہ سے بروقت عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات پورے نہ کرنے کا اعلان کرتے رہنے کی وجہ سے اب وقت آ گیا ہے کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمودچوہدری آگے بڑھیں ، ریاست کو انتشار اور انارکی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں ، انہوں نے صدر آزادکشمیر سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مظفرآباد اپنی خرابی صحت کے باوجود آئین ، وزیراعظم کو بھی اسلام آباد ڈیرے لگانے سے منع کریں انہیں بھی مظفرآباد ساتھ لائیں ، عوامی ایکشن کمیٹی اب وزیراعظم پر اعتماد کرنے کو تیار نہ ہے ، آپ فوری عوامی ایکشن کمیٹی کے راہنمائوں سے بات کریں جو بھی مطالبات فوری طور پر پورے ہو سکتے ہوں بطور صدر ریاست آپ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ حکومت کو پابند کریں کہ ان مطالبات پر فوری عملدرآمد شروع کرائیں ، گرفتار شدگان کوفوری رہا کرائیں ، حکومت کو پابند کریں کہ پرامن احتجاج جو عوام نے کسی بھی مہذب معاشرے میں حق ہوتا ہے کو سلب نہ ہونے دیں ، دفعہ144کا نفاذ ریاست سے ختم کرائیں ۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ اگر مظاہرین کو پرامن احتجاج کا حق دیا جائے سڑکیں بلاک نہ کی جائیں ، آنسو گیس ، گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیاجائے تو عوامی ایکشن کمیٹی والے جو ہمارے ہی بھائی بیٹے ہیں وہ کبھی بھی اپنے پرامن احتجاج کو تشدد میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے پولیس آفیسر جو شہید ہوا وہ بھی ہمارا ہی بیٹا تھااس ناقابل تلافی نقصان کو کوئی پورا کرے گا، آپ جس منصب پر فائز ہیں تو آپ کا سابقہ کردار بھی اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی آپ پر اعتماد کرے گی ، وزیراعظم انوارالحق اپنا اعتماد اعتبار کھو بیٹھے ہیں ان پر اب کوئی اعتماد نہیں کرے گا۔

بطور صدر ریاست اپنی ریاست کو خون وجدل سے بچائیں، جملہ پارلیمانی جماعتوں کو اعتمادمیں لیں اس وقت ہر کسی کو اپنی اپنی جگہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ، تحریک انصاف عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات پورے کرانے میں بطور جماعت ہرممکن کردا رادا کرنے کو تیار ہے ، وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے ،اس لئے آج ہی آ پ مظفرآباد وزیراعظم کو لے کر آئیں ورنہ دیر ہو جائے گی۔