م*آزاد کشمیر میں جاری ہڑتال کو حکومت جلد از جلد ختم کرائے،سینیٹر محمد عبدالقادر

ژ*اس طرح کی ہڑتالیں پاکستان کا رخ بھی کر سکتی ہیں، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی

اتوار 12 مئی 2024 20:40

Iکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سستی بجلی اورآٹے کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی کی مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی ختم نہیں ہو سکی اسلام گڑھ کے مقام پر مظاہرین اور پولیس میں تصادم کے دوران فائرنگ سے سب انسپکٹر عدنان قریشی جاں بحق ہوگئے کوٹلی میرپور روڈ پر مظاہرین نے پولیس اہلکار کو پہاڑی سیکھائی میں پھینک دیا راستوں کی بندش سے خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے مظفرآباد میں پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے ہیںراولاکوٹ احاطہ عدالت میں دھرنا جاری ہے میرپور سے روڈ صاف کرنیوالی کرین بروقت روانہ نہ کرنا بڑی غلطی تھی۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادرنے کہاکہ ہڑتال اور احتجاج کے باعث آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے مختلف رہنماوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے سے ماحول مزید کشیدہ ہو گیا ہے صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے راولاکوٹ میں ہوٹل مالکان نے منگوائی فورسز کو رہائش، کھانا، چائے اور سگریٹ دینے سے انکار کر دیا ہے اس بات سے حالات کی سنجیدگی کا اندازہ کیا جا سکتا ہے ڈی چوک میں قافلوں کے استقبال کا فیصلہ ، شرکاء کو راولاکوٹ آمد پر مفت کھانے کی فراہمی، شادیوں کو ملتوی کر دیا گیا ہے دوسری طرف مقبول بٹ شہید چوک میں ہزاروں افراد نے اجتماعی طور پر حلف دیا ہے کہ وہ کسی صورت کھبی بھی بجلی بلز نہیں جمع کروائیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنیوالے راولاکوٹ سے مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے جہاں روکا گیا وہاں پر ہی دھرنا دے دیں گے مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ مکمل طور بجلی بلز سے ٹیکسوں کے ذریعہ حکومت کی عیاشی روکیں گے اگر تحریک میں سارے مرد گرفتار کر لئے گئے تو عورتیں بچیاں بچے سڑکوں پر نکل کر اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے یہ صورتحال انتہائی تشویشناک رخ اختیار کرتی جارہی ہے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیںبروقت اقدامات کئے جائیں تا کہ بدمزگی میں اضافہ نہ ہو۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ بجلی اور آٹے کے حوا لے سے مظاہرین کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات کئے جائیں تاکہ حکومت کی رٹ چیلنج کرنے کا موقع نہ آئے آزاد کشمیر پاکستان کی نفسیات کا حصہ ہے وہاں ہونے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک خاص قسم کا تاثر ابھرتا ہے بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے ایسے واقعات کو بھارت ہمیشہ ہوا دے کر پاکستان کے لئے مسائل میں اضافہ کرتا ہے نئی حکومت کے تشکیل پاتے ہی آزاد کشمیر میں ناخوشگوار ماحول کا پیدا ہونا پاکستان اور نئی حکومت کے لئے اچھا شگون نہیں ہو گا ملک کسی قسم کی نئی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔