راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعتی و تعلیمی روابط کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کریں گے، احسن ظفر بختاوری

منگل 14 مئی 2024 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے ہمیشہ صنعت اور تعلیمی روابط کے لیے کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی نوجوانوں کی بہتری اور ملک کی معاشی بہتری کے لیے کرتا رہے گا۔یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے منگل کو راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے پہلے آر ڈبلیو یو-آئیڈیا فیسٹ-24 (RWU-IDEA FEST-24) کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے وائس چانسلر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ملک کے لیے کارآمد کاروباری افراد کی تیاری میں ایک طویل سفر طے کرے گا جس سے نہ صرف کامیاب کاروباری افراد باعزت طریقے سے اپنی روزی کمانے میں کامیاب ہو سکیں گے بلکہ ملک کو مضبوط بنانے میں بھی مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی ایوارڈ یافتہ آئیڈیاز کو بزنس کمیونٹی کے ساتھ شیئر کرنے میں خوشی محسوس کرے گا تاکہ انہیں برآمدی مصنوعات کے فروغ کے لیے عملی شکل دی جا سکے۔

وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ڈاکٹر انیلہ کمال نے اپنے کلیدی خطاب میں آر ڈبلیو یو-آئیڈیا فیسٹ-24 کے جوہر کو سمیٹتے ہوئے سماجی اصولوں کی تشکیل میں تعلیم کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی مہارت کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، طلباء کو ان کی تعلیم کی تکمیل کے بعد ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت فراہم کرنے والے بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقابلے کی بنیادی وجہ طلباء کو اپنے کاروبار کے قیام اور کامیاب کاروباری بننے کی ترغیب دینا ہے۔

انہوں نے انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ملک کی ترقی کے لیے بہت زیادہ ضرورت ہے، اس لیے انہیں آگے آنا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کامیاب کاروباری شخصیات کے طور پر ابھرنا چاہیے۔صدر آئی سی سی آئی نے ڈاکٹر انیلہ کمال اور ظفر بختاوری کے ساتھ جیتنے والوں میں نقد انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹوز چوہدری مقصود تابش، چوہدری محمد علی، ملک ندیم اور ضیا چوہدری بھی موجود تھے۔