بھارت میں ایک شخص نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی

اتوار 19 مئی 2024 17:50

رائے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سارنگڑھ،بلی گڑھ میں ایک 32سالہ شخص نے تین خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پشکر شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ اندوہناک واقعہ رائے پور سے تقریبا 200 کلومیٹر دور صالحہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں تھرگائوں میں پیش آیا۔

انہوں نے کہاکہ ہلاک ہونے والوں میں55سالہ ہیملال ساہو ،اس کی50سالہ بیوی جگموتی ساہو ،ان کی بیٹیاں30سالہ میرا ساہو اور35سالہ ممتا ساہو اور میرا کا5سالہ بیٹا آیوش شامل ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ اسی گائوں کا رہنے والا ملزم منوج ساہودوسرے کمرے میں لٹکا ہوا پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔

(جاری ہے)

ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق منوج کلہاڑی لے کر گھر میں داخل ہوا اور مقتولین کو اس وقت مار ڈالا جب وہ سو رہے تھے اور پھر خود کو ساڑھی سے لٹکا دیا۔منوج پیشے سے درزی تھا اور اس نے برسوں پہلے میرا کو شادی کی پیشکش کی تھی لیکن اس نے یہ تجویز مسترد کر دی تھی۔انہوں نے کہاکہ2017میں میرا اور اس کے اہلخانہ پر حملہ کرنے پر منوج کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور اس کیس کی سماعت جاری تھی۔ایس پی نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔