چوہدری خلیق الزماں تحریک پاکستان کے نامور رہنما تھے، طارق مدنی

خود غرضی و مفادات کی سیاست سے ملک کو نقصان ہورہا ہے، سربراہ پاکستان امن کونسل

جمعہ 24 مئی 2024 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) خود غرضی اور مفادات کی سیاست سے ملک کو نقصان ہورہا ہے سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماں کو چاہئے کہ ملک و قوم کے مفاد میں سیاست کریں ویسے بھی سیاست ریاست اور عوام کے حقوق کے تحفظ کا نام ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے محب قومی سماجی کونسل کی جانب سے امن سیکریٹریٹ شیرشاہ میں منعقدہ چوہدری خلیق الزماں سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا طارق مدنی نے کہا کہ چوہدری خلیق الزماں تحریک پاکستان کے نامور رہنما تھے اور آل انڈیا مسلم لیگ میں مختلف عہدوں پر فائز رہے مارچ 1940 میں بانی پاکستان محمد علی جناح کی زیر صدارت مسلم لیگ کا لاہور میں سالانہ اجتماع ہوا جس میں قرارداد پاکستان پیش کی گئی اور جس کی تائید کرنے والوں میں چوہدری خلیق الزماں کا نام بھی شامل ہے انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد چوہدری خلیق الزماں پاکستان مسلم لیگ کے صدر بھی منتخب ہوئے جبکہ مشرقی پاکستان کے گورنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ان کی وطن عزیز کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے سیمینار سے اسلم خان فاروقی، مفتی محمد عدنان مدنی نے بھی خطاب کیا اور چوہدری خلیق الزماں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔