ہم حکومت اور نااہل اپوزیشن کے درمیان پس رہے ہیں‘ فواد چودھری

جمعہ 8 اگست 2025 14:56

ہم حکومت اور نااہل اپوزیشن کے درمیان پس رہے ہیں‘ فواد چودھری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم بدقسمتی سے حکومت اور نااہل اپوزیشن تحریک انصاف کے درمیان پس رہے ہیں،پاکستان میں اس وقت ایک غیر یقینی صورتحال ہے، عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ بڑھ چکا ہے۔لاہور میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات بدترین حالت میں ہیں جہاں حکومت اور اپوزیشن تحریک انصاف کی اندرونی سیاسی لڑائیاں عوام کے لئے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ فیصلے جو آ رہے ہیں وہ سب آپ کے سامنے ہیں، صبح ایک بندہ اٹھتا ہے اور کہتا ہے کہ آج ہم احتجاج کریں گے پھر ساری قیادت اڈیالہ جیل پہنچ جاتی ہے، کھانے کھا کر واپس آ جاتی ہے لیکن عام کارکن پس رہا ہے، یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا اس کا علم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ سیاسی بحران پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو سیاست ہو رہی ہے اور نہ ہی وکالت، آپ کو ویسا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے تھا جیسے ہندوستان میں راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن کے خلاف ثبوت پیش کیے، پاکستان میں اس وقت ایک غیر یقینی صورتحال ہے، عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ بڑھ چکا ہے۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں فواد چودھری کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں پانچ مختلف مقدمات شامل ہیں، ان مقدمات میں الزام ہے کہ فواد چودھری نے اپنے کارکنان کو پولیس کی گاڑیاں جلانے اور ہنگامہ آرائی کیلئے اکسایا۔فواد چودھری نے عدالت میں پیش ہو کر تفتیش مکمل ہونے کی اطلاع دی اور ان کے وکیل نے ضمانتوں پر دلائل مکمل کئے۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ فواد چودھری پر جناح ہاس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات میں ضمانت پہلے ہی موجود ہے، جبکہ مغلپورہ اور زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات میں ضمانت دائر کر رکھی ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 26ستمبر تک توسیع کر دی۔