وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ہینڈ بال لیگ کا پشاور میں آغاز

ہفتہ 25 مئی 2024 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) ڈائریکٹوریٹ سپورٹس یونیورسٹی پشاور کے زیراہتمام وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ہینڈ بال لیگ پشاور یونیورسٹی گرائونڈ پر شروع ہو گیا جس میں ملک بھر سے 10 بہترین کوالیفائیڈ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانزیب خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے لیگ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحر کرم ،ایڈیشنل رجسٹرارڈاکٹر نورزادہ، احسن خان، سجاد خان، کھلاڑی، پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کے عہدیداران، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں فیتہ کاٹ کر لیگ کے آغاز کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس بحرکرم نے بتایا کہ نیشنل لیگ میں پنجاب، سندھ، بلوچستان،فیڈرل، اور خیبرپختونخوا سے دو دو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی میچ میںخیبرپختونخوا گرین نے بلوچستان گرین کو سنسنی خیز مقابلے میں 18-30سے شکست دی ۔ خیبرپختونخوا گرین اور بلوچستان گرین کے کھلاڑیوں نے شوٹنگ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا جسے بیٹھے تماشائیوں نے خوب محظوظ کیا۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے وقاص نے 9گول ,فیصل شاہ نے آٹھ گول ، محمد طلحہ نے 7 گول کیی,غوث علی شاہ نے چار اور سلام اور لقمان نے ایک ایک گول کیا۔بلوچستان کی جانب سے محمد ریاض نے 7 شیر دل نے 05 گول زین نے 02 گول کیے،شیروز نے تین اور قاسم خان نے ایک گول کیا۔دوسرے میچ میں پنجاب گرین نے سندھ گرین کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں6-39 فتح حاصل کی۔ پنجاب کی جانب سے شہاب اور ثاقب نے اپنی بہترین شوٹنگ کے ساتھ سات سات گول کیے جب کہ جنید نے چھ انفرادی اور عثمان اور آصف نے چار چار گول کیے، علی زاہد اور آصف تین تین گول کر کے نمایاں رہے۔میچوں کی نگرانی محمد سفیان نے کی، دلشاد شیر نے ریفری جبکہ مرزا سلطان محمود، عمر اور سلیم خان نے فیلڈ جج کے فرائض انجام دیئے۔۔