Kگورنر پنجاب سے قطر کے سفیر کی ملاقات

ئ*فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا

منگل 4 جون 2024 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخطر نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تارکین وطن کی میزبانی پر حکومت قطر کا شکر گزار ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تیل اور گیس کے شعبوں میں قطر کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کے دوران پوری دنیا کو اسلامی تعلیمات اور اقدار دکھانے پر قطر کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کا اصل چہرہ دکھانے کی ضرورت ہے۔ قطر کے سفیر علی بن مبارک الخطر نے کہا کہ قطر کے امیر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطر کے ماہرین کے وفود پاکستان کا دورہ کریں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر آج پیپلز پارٹی کے رہنما حسن اشرف بھٹی کے گھر گئے جہاں انہوں نے ان کے والد اشرف بھٹی کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم اشرف بھٹی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر جہاں آرا وٹو، احسن رضوی، عزیز الرحمن چن، ذیشان شامی اور شاہد عباس ایڈووکیٹ موجود تھے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اشرف بھٹی کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم اشرف بھٹی کی پارٹی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک یکساں احتساب اور جزا و جزا کا نظام نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا۔