تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کے مالکان کھانے کی اشیاء میں فورٹیفائیڈ آٹا اور خوردنی تیل استعمال کرنے کے پابند ہیں ، آغا فخر حسین

اتوار 9 جون 2024 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2024ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کے مالکان کھانے کی اشیاء میں فورٹیفائیڈ آٹا اور خوردنی تیل استعمال کرنے کے پابند ہیں تاکہ اپنے صارفین کو صحت بخش کھانا فراہم کر سکیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے یہاں سندھ فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں فوڈ سیفٹی لیول 1 "ریسٹورنٹ اور فوڈ ہینڈلرز کے ساتھ آگاہی سیشن" کے تربیتی سیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فورٹیفائیڈ خوردنی تیل کے فوائد سے متعلق آگاہی سیشن میں صارفین اور ریسٹورنٹ مالکان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی پی ایم سندھ معین قریشی، پی پی ایم کے عبدالحفیظ گمبھیر، شکیل احمد بیگ چیئرمین کنزیومر رائٹس پروٹیکشن، عبدالسلام چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان اور دیگر ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کے مالکان اور مشہور ریسٹورنٹس کے فوڈ ہینڈلرز بھی موجود تھے۔