وڈیرے کے ظلم کا شکار اونٹ مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے کراچی منتقل

اینیمل ویلفیئر کمیٹی نے زخمی اونٹ کواپنی نگرانی میں سانگھڑ سے شہر قائد پہنچا دیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 جون 2024 13:50

وڈیرے کے ظلم کا شکار اونٹ مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے کراچی منتقل
سانگھڑ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2024ء ) صوبہ سندھ کے شہر سانگھڑ میں وڈیرے کے ظلم کا شکار ہونے والے اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سانگھڑ میں وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کا شکار اونٹ کو کراچی میں مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی، اینیمل ویلفیئر کمیٹی نے زخمی اونٹ کواپنی نگرانی میں کراچی پہنچایا جہاں اونٹ کومصنوعی ٹانگ کے لیے ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے بتایا ہے کہ وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کا شکار اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی، اس مقصد کے لیے اونٹ کو گزشتہ روز کراچی منتقل کر دیا گیا اور پولیس نے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے پر 5 افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سانگھڑ میں غریب کی اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا نوٹس لیا گیا تھا، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان اور اونٹنی کے مالک کے درمیان معاملات طے ہونے کے باوجود انسانی طور پر یہ عمل ناقابل قبول ہے اس لیے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ادھر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانگھڑ میں بااثر وڈیرے کے مبینہ ظلم کے شکار شخص کو دو اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔