Live Updates

نہ جانے نوجوان کارکنوں کو آ گے آ نے سے کیوں روکا جا رہا ہے یہ سمجھ سے بالاتر ہے

پیر 24 جون 2024 22:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2024ء) پاکستان تحریک انصاف ملتان کے ضلعی صدر ثاقب محمود مہے نے پارٹی کی ضلعی صدارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا جس میں پارٹی رہنما ملک بابر کھوکھر،ملک مظفر جمیل،ملک نسیم اقبال کھوکھر،وسیم خان نیازی،عابد شاہ بخاری،خرم گردیزی،مظہر خان نیازی،نادر نواز خان،رانا اشرف،نعمان جامی،عمار احمد سومرو،ایمل خان،سامون درانی،فیاض رسول،حافظ ہارون سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

ثاقب محمود مہے نے مزید کہا کہ میں نے پارٹی کے مشکل وقت میں پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کے ذریعے پی ٹی آئی میں شمولیت کی اور دو سالوں کے دوران صعوبتیں برداشت کیں میرے گھر پر چھاپے مارے گئے اور کاروبار زندگی کو بھی نقصان پہنچا لیکن اس کے باوجود 9 مئی واقعہ کے بعد میں نے جتنی احتجاجی ریلیاں نکالیں کسی پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے نہیں نکالی لیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی بندر بانٹ میں مجھے نظر انداز کیا گیا یہاں تک کہ ضمنی الیکشن میں بھی دیوار سے لگایا گیا اگر مجھے ضلعی صدارت کے عہدے پر پارٹی قیادت نے عمر ایوب کے دستخط سے ذمہ داری سونپی تو سابق ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ سے برداشت نہیں ہوا جس نے صرف ایک ہفتہ کے دوران ہی جگہ جگہ میرے اور پارٹی کارکنان کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں اس سلسلے میں پارٹی کے پنجاب صدر حماد اظہر،صدر جنوبی پنجاب عون عباس بپی اور مخدوم زین عباس قریشی،ملک عامر ڈوگر،معین قریشی کو بھی اگاہ کیا جنہوں نے مجھے یقین دہانی کرائی کہ وہ میرے شانہ بشانہ کھڑے ہیں لیکن اس کے باوجود تین رکنی کمیٹی بنا دی گئی لیکن میں تین رکنی کمیٹی کے آنے والے فیصلے سے قبل پی ٹی آئی کی ضلعی صدارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں اب پارٹی چاہے خالد جاوید برانچ یا اعجاز حسین جنجوعہ کو ضلعی صدر کے عہدے پر فائز کرے مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں ہے اور نہ ہی عہدے کا لالچ ہے میں بطور کارکن پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا مجھے ضلعی صدر کے عہدے سے ہٹا کر صرف میری بے توقیری نہیں کی گئی بلکہ ہر ورکر کی بے توقیری کی گئی ۔

(جاری ہے)

ضلعی صدر کے استعفے کی کاپی آج ریجنل صدر کو بھیج دوں گا یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے میرے گلے میں پارٹی جھنڈا ڈالا اور پارٹی کی ضلعی صدارت کے عہدے پر تمام عہدیداران کی مشاورت سے ضلعی صدر منتخب ہوا اور پارٹی کو منظم کرنے اور عمران خان کے ویڑن پر چلنے کے لیے بھرپور جدوجہد کی لیکن نہ جانے نوجوان کارکنوں کو آ گے آ نے سے کیوں روکا جا رہا ہے یہ سمجھ سے بالاتر ہے ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات